اے پی کو دو لاکھ فنڈس پر سیاسی قائدین میں للکار

وینکیا نائیڈو کو قومی سی پی آئی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا کا چیلنج
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) قومی سی پی آئی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے مرکزی وزیر شہری ترقیات و نشریات و اطلاعات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کو سخت الفاظ میں ہدف ملامت بنایا اور استفسار کیا کہ کیا وہ ریاست آندھراپردیش کیلئے دو لاکھ کروڑ روپئے فنڈز لاسکیں گے؟ اور اگر فنڈز لانے کی صورت میں وہ مندر میں پیر چھوکر پوجا کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو مرکز سے فنڈز نہ لاسکیں گے تو انہیں (ایم وینکیا نائیڈو کو) اپنی ناک زمین پر گھسیٹنا ہوگا۔ ڈاکٹر کے نارائنا جو ہمیشہ متنازعہ بیانات دیتے ہوئے خبروں میں آنے کیلئے شہرت رکھتے ہیں، آج پھر ایک بار مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کے خلاف بعض سخت ریمارکس کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے انہیں (وینکیا نائیڈو کو) مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ اپنی شہرت کیلئے من مانی اعلانات کرنے کے عادی ہیں۔ اس عادت کو ختم کرکے اب تک دیئے گئے مختلف تیقنات کو پورا کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر اپنے اثرورسوخ کا استعمال کرکے فوری ریاست آندھراپردیش کو فنڈز کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ قومی سکریٹری سی پی آئی نے حکومت آندھراپردیش کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت آندھراپردیش بالخصوص چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل کرنے میں بالکلیہ طور پر ناکام ثابت ہوئے اور اپنے بعض سیاسی مفادات کے حصول کیلئے خصوصی موقف کے بجائے خصوصی پیاکیج حاصل کرلینے پر ہی اکتفا کرلیا اور اپنے دوہرے معیار کو چیف منسٹر نے واضح طور پر ثابت کردیا۔