کام میں تیزی پیدا کرنے این آئی ٹی آئی آیوگ کو ہدایت
نئی دہلی ۔ 2 ۔ اگست : ( ایجنسیز ) : مرکزی حکومت ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی ترقیاتی پیاکیج پر درحقیقت غور و فکر کرتی نظر آتی ہے ۔ کیوں کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کی حلیف جماعت ٹی ڈی پی ریاست اے پی کو بہتر ترقیاتی پیاکیج کو لے کر دیگر جماعتوں کے ساتھ احتجاج میں کود پڑی ہے جس سے بی جے پی ٹی ڈی پی اتحاد کی کشتی ہچکولے کھاتی نظر آرہی ہے ۔ ٹی ڈی پی جس کا بی جے پی کے ساتھ مرکز اور ریاست میں سیاسی اتحاد ہے ۔ کانگریس وائی ایس آر کانگریس کے ساتھ ریاست کو خصوصی پیاکیج کے لیے احتجاج پر اتر آئی ہے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے این آئی ٹی آئی آیوگ کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست اے پی کو مالیاتی پیاکیج کے کام میں تیزی پیدا کرے ۔ یہ بات قابل غور ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ اے پی کو خصوصی پیاکیج پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد این ائی ٹی آئی آیوگ کو ہدایت دی ۔ پیر کے روز لوک سبھا میں ریاست اے پی کو خصوصی پیاکیج کو لے کر زبردست ہنگامہ ہونے کے بعد مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کیں اور انہیں یہ تجویز پیش کی کہ این آئی ٹی آئی آیوگ کو ریاست اے پی کو خصوصی پیاکیج کے کام میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایات دی جائے ۔ وزیر اعظم سے وینکیا نائیڈو کی بات چیت کے بعد ہی دفتر وزیر اعظم کی جانب سے ہدایات دی گئیں ۔ ریاست کو خصوصی پیاکیج دئیے جانے میں تاخیر پر عوامی برہمی کو محسوس کرتے ہوئے ٹی ڈی پی ارکان نے پیر کے روز لوک سبھا اور پارلیمنٹ عمارت کے احاطہ میں زبردست احتجاج درج کیا ۔ اس احتجاج میں ٹی ڈی پی ارکان کے ہمراہ وائی ایس آر سی پی ارکان بھی تھے ۔ اس احتجاج کے سبب ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا ۔۔