اے پی کو خصوصی موقف کی راہ میں سفارشات رکاوٹ : اشوک گجپتی راجو

نئی دہلی 24 مئی (این ایس ایس) وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے کہاکہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے کا فیصلہ نہ کئے جانے کے لئے 14 ویں فینانس کمیشن کی سفارشات ذمہ دار ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ بعض تکنیکی مسائل کے باعث مرکز اے پی کو خصوصی موقف عطا کرنے کا فیصلہ نہیں کرپارہا ہے۔ مودی حکومت کی کارکردگی پر اپوزیشن کے الزامات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اشوک گجپتی راجو نے کہاکہ ’’ہم صرف ایک سال میں ہر چیز کو مکمل نہیں کرسکتے‘‘۔ یہ تو محض شروعات ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی حکومت نے اس کے دور حکومت کے پہلے سال میں عوام کو سماجی تحفظ فراہم کرنے پر بہت زیادہ اہمیت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ عمل کرنے کی حکومت ہے نہ کہ صرف باتوں کی۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ آندھراپردیش میں بین الاقوامی معیار کے ایرپورٹس تعمیر کئے جائیں گے۔