اے پی کو خصوصی موقف مودی کی توجہ پر منحصر : چندرا بابو نائیڈو

وجئے واڑہ ۔ 2مئی ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس تاثر کا اظہار وہ نہیں جانتے کہ ریاست کو خصوصی موقف دینے کے مسئلہ پر مرکز آیا واقعی توجہ مرکوز بھی کررہا ہے یا نہیں اور کہا کہ یہ اُس وقت ہی ممکن ہوگا جب وزیراعظم نریندر مودی اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے ریمارک کیا کہ ’’ آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کے بارے میں مرکز توجہ دے رہا ہے ۔ وزیراعظم نے اس مسئلہ کو نیتی آیوگ سے رجوع کیا تھا ۔ نیتی آیوگ اپنی رپورٹ داخل کرسکا ہے لیکن میں نہیں جانتا کہ اس ( رپورٹ) میں کیا ہے ‘‘ ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ اے پی سے متعلق مسائل اور خصوصی موقف پر وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے 20تا 30 مرتبہ ملاقات کرچکا ہوں ۔
مرکز کو چاہیئے کہ اے پی تنظیم جدید قانون کی حقیقی روح کے مطابق ان تمام مسائل کی یکسوئی کرے اگر ضروری ہو تو وزیراعظم کو پھر ایک مرتبہ میں مکتوب روانہ کرنا چاہتاہوں ‘‘ ۔ آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کے مسئلہ پر مرکزی وزراء کے متضاد بیانات پر چندرا بابو نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا کہ وہ ( مرکزی وزراء) آیا وزیراعظم کے علم و اطلاع کے مطابق یہ بیانات دے رہے ہیں یا پھر اس مسئلہ سے ان کو لاعلمی کا نتیجہ ہے ۔ یہ تمام مسائل اس وقت ہی حل ہوں گے جب وزیراعظم اس پر توجہ مرکوز کریں گے ‘‘ ۔