حیدرآباد27جولائی (یواین آئی ) تلگودیشم پارٹی نے اے پی کو خصوصی ریاست کے درجہ کے لیے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندرراو کے پرائیویٹ بل کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آندھراپردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت پر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی میٹنگ دہلی میں منعقدہوئی۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر سوجنا چودھری نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں آندھراپردیش کو دی جانے والی مراعات اور ریاست کے خصوصی درجہ کے مسئلہ پر تلگودیشم آواز اُٹھائے گی ۔ آندھراپردیش کو دیئے جانے والے فنڈس سے متعلق وزیر خزانہ سے بھی جواب طلب کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ بل کی ووٹنگ کے دوران ٹی ڈی پی اس کی حمایت میں ووٹ دے گی ۔
کسی بھی راشن کی دکان سے اجناس اے پی حکومت کا اعلان
حیدرآباد27جولائی (یواین آئی ) آندھراپردیش کے عوام اب کسی بھی راشن کی دکان سے راشن حاصل کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت جلد اس سلسلہ میں اقدامات کرے گی ۔ آندھراپردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کسی بھی راشن کی دکان سے راشن حاصل کرنے عوام کو سہولت پہونچانے کیلئے آدھار کارڈ سے مربوط راشن کارڈ کا استعمال کیا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینہ میں اگر کوئی راشن حاصل کرنے میں ناکام رہا تو اگلے مہینہ میں یہ راشن حاصل کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ کا راشن ایک ساتھ دینے کا بھی انتظام کیا جائے گا اور راشن کی دکانات کے ڈیلرس میں اضافہ کیا جائے گا ۔