اے پی میں عوام کو سبسیڈی پر پیاز کی سربراہی

پیاز کی قیمت میں اضافہ پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد 3ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)آندھراپردیش کے مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سبسیڈی پر عوام کو پیاز کی فروخت رعیتو بازاروں میں کی جارہی ہے ۔حالیہ چند دنوں کے دوران پیاز کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھا جارہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔اسی کے پیش نظر مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کرنول ضلع سے 236کوئنٹل پیاز وشاکھاپٹنم لائی گئی ۔یہ پیاز وشاکھاپٹنم کے 13 مختلف رعیتوبازاروں میں پہنچائی گئی تاکہ عوام کو راحت پہنچائی جاسکے ۔وشاکھاپٹنم کے لئے روزانہ پیاز کی طلب 40ٹن ہے ۔موجودہ سیزن میں 30تا35ٹن پیاز کی ہی سپلائی کی جارہی ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔کرنول کے کھلے بازاروں میں پیاز فی کیلو60تا 70روپئے فروخت کی جارہی ہے جبکہ مہاراشٹر سے لائی جارہی پیاز فی کیلو70تا80روپئے کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے ۔ تاجرین کا ماننا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں اس کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان ہے کیونکہ اہم مارکٹس کو پیازکی سپلائی کی کمی فصل کی پیداوار میں روز بروز گھٹنے اوردیگر بازاروں میں طلب میں اضافہ کے سبب ہوئی ہے ۔ اندرو ن ایک ہفتہ باورچی خانہ کی اس لازمی شئے کی قیمت میں فی کیلو مزید 10-15روپئے اضافہ کا خدشہ ہے ۔