حیدرآباد26ستمبر(یواین آئی)اے پی میں صنعتی مواقع پر عالمی معاشی فور م اور وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے مشترکہ طورپر وائٹ پیپر جاری کیا۔اس موقع پر چندرابابونائیڈو نے کہا کہ ریاستی حکومت چوتھے صنعتی انقلاب کی حوصلہ افزائی کے لئے اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے عالمی معاشی فورم سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔اس وائٹ پیپر میں وضاحت کی گئی ہے کہ اے پی ،سرمایہ کاری کے لئے موزوں منزل کے طورپر ابھررہا ہے ۔اس میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت نے اصل 12شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے اور ان شعبہ جات کے لئے روڈ میپ تیار کیا ہے ۔اس میں چار ابواب بشمول ہندوستا ن میں صنعتی شعبہ کا درجہ ،تیز رفتار اور دیرپاترقی میں چوتھے صنعتی انقلاب کارول،دیرپا پیداواری قدر،دیرپاقدر کے لئے ہموار راہ بھی شامل ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مستقبل قریب میں اے پی میں کئی اختراعات ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت”سنٹر فار فورتھ انڈسٹرئیل رولیوشن”قائم کرے گی ۔چین کی کمپنیوں کی جانب سے اس سنٹر کے قیام کیلئے ریاستی حکومت کی مدد کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ دن بھی آئیں گے جب دفاتر میں کام کرنے کے موجودہ طریقہ کو تبدیل کیاجائے گااور روبوٹس انسانوں کے بوجھ کو کم کرینگے ۔