حیدرآباد 23 ستمبر (این ایس ایس) آندھراپردیش میں بے روزگاروں کے لئے یقینا یہ خوشخبری ہے کہ ریاستی حکومت نے سرکاری ملازمت کیلئے بالائی حد عمر کو موجودہ 34 سال سے بڑھاکر 40 سال مقرر کردی ہے۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے آج اس ضمن میں ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو یہ خیرسگالی جذبہ 34 سال سے زائد عمر کے بے روزگاروں کو عوامی شعبہ اور سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے مسابقتی امتحانات میں شرکت کی راہ ہموار کرے گا۔ سرکاری حکمنامہ کے مطابق حکومت آندھراپردیش اس ریاست کے مختلف زمروں میں مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنا چاہتی ہے۔ چنانچہ بھرتی کرنے والے ادارے وقفہ وقفہ سے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کررہے ہیں۔