ریٹیلرس کے ساتھ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مرکز کی ’ میک ان انڈیا ‘ مہم کے خطوط پر اپنے ’ میک ان آندھرا پردیش ‘ ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ریاست میں ریٹیل بزنس کو ماڈرن بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریٹیلرس جیسے شاپرس اسٹاپ ، وال مارٹ انڈیا ، لائف اسٹائیل انٹرنیشنل ، فیوچر ریٹیل ، ٹرینڈ ، ریلائنس ریٹیلر ، کے راہیجا گروپ آدتیہ برلا اور ریٹیلرس اسوسی ایشن آف انڈیا کے ذمہ داروں نے اس اجلاس میں شرکت کی اور انہیں ریاست میں ریٹیل آوٹ لیٹس کھولنے میں درپیش چیالنجس سے انہیں واقف کروایا ۔ موجودہ پالیسی کے تحت اگر کوئی ریٹیلر کسی ٹاون یا شہر میں شاپ کھولنا چاہے تو اس کے لیے کئی محکمہ جات کی اجازت حاصل کرناپڑتا ہے جو کہ ایک دشواری ہے ۔ ریٹیلرس نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ ایک ایسا میکانیزم بنایا جائے جس سے ریٹیلرس کو شاپس کھولنے میں آسانی اور سہولت ہو کیوں کہ وہ شاپس کھولنا چاہتے ہیں بنیادی رہنمایانہ خطوط کے ذریعہ ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں ایک ایسا سسٹم بنایا جائے گا جس میں ریٹیلرس اجازت کے لیے سنگل ڈیسک کو صرف اطلاع دیتے ہوئے اور بنیادی رہنمایانہ خطوط پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملٹی پل آوٹ لیٹس کھول پائیں گے ۔ ریاست میں ’ ریٹیل زون ‘ قائم کرنے ریٹیلرس کی تجویز کا جواب دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے ان سے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک ایکشن پلان کے ساتھ آئیں ۔ مسٹر نائیڈو نے آوٹ لیٹس کو 365 دن کھلا رکھنے سے بھی اتفاق کیا جس میں لیبر قوانین پر عمل درآمد کے لیے ریٹیلرس کو ملازمین کے لیے شفٹ سسٹم بنانا ہوگا ۔ یہ کہتے ہوئے آندھرا پردیش ایک انٹرنیشنل لاجسٹکس ہب بننے جارہا ہے انہوں نے ریٹیلرس سے کہا کہ ریاست میں یونٹس کے قیام کے لیے مینوفکچررس کی حوصلہ افزائی کریں ۔ اس اجلاس میں مشیر اے پی حکومت ( کمیونیکیشن ) ڈاکٹر پرکاش پربھاکر ، چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری ستیش چندرا اور سکریٹری ٹو سی ایم سائی پرساد بھی موجود تھے ۔۔