اے پی میں ایس ایس سی نتائج کا اعلان

حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ریاست میں منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ وزیر فروغ انسانی وسائل آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے آج وشاکھاپٹنم میں نتائج جاری کئے اور بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دسویں جماعت ( ریگولر ) میں 6,06,575طلباء و طالبات اور خانگی میں 38,386 طلباء طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ اس طرح جملہ 6,44,961 طلباء و طالبات نے امتحانات ایس ایس سی میں شرکت کئے۔ جن کے منجملہ ریگولر میں 5,54,536 طلباء و طالبات 91,42 فیصد نے کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا اوسط 91.15 جبکہ لڑکیوں کی کامیابی کا اوسط 91.71 فیصد رہا۔ اس طرح ریاست آندھرا پردیش میں بھی لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو ہی سبقت حاصل ہوئی۔ علاوہ ازیں گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال 0.26زائد نتائج حاصل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی میں 22,483 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے بتایاکہ ریاست آندھرا پردیش میں ضلع کڑپہ کو 98.54 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلا مقام حاصل ہوا، اور ضلع چتور کو 71.29 فیصد کامیابی کے ساتھ آندھرا پردیش ریاست میں سب سے آخری مقام حاصل ہوا ہے۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری کا 18جون تا یکم جولائی تک انعقاد عمل میں آئے گا۔ ان اڈوانسڈ سپلیمنٹری ایس ایس سی امتحانات کیلئے فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 2جون ہوگی۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ 3,645 اسکولس کے نتائج صد فیصد رہے اور صرف دو اسکولوں کے نتائج صفر فیصد رہے۔ جبکہ ریاست آندھرا پردیش میں 4680 طلباء و طالبات نے 10/10 جی پی اے پوائنٹس حاصل کئے۔