بعض محکمہ جات کے دفاتر مکمل منتقل ۔ بعض کی جزوی منتقلی
حیدرآباد 26 جون ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کی جانب سے امراوتی میں نئے داراحکومت کی تعمیر کے دوران حکومت کے ملازمین کی مشترکہ دارالحکومت سے وجئے واڑہ کو منتقلی کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔ ریاستی حکومت کے مشیر ( مواصلات ) پرکالا پربھاکر نے کہا کہ ہماری تاریخ 27 جون سے شروع ہوتی ہے ۔ ہم اپنے ملازمین کی منتقلی کاعمل تیز کر رہے ہیں۔ پہلے ہی کئی ملازمین وجئے واڑہ ‘ امراوتی اور گنٹور منتقل ہوگئے ہیں۔ ہماری اطلاعات یہ ہیں کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ منتقل ہوچکا ہے ‘ محکمہ کلچر ‘ زراعت ‘ سیول سپلائز منتقل ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت و طبابت کا بڑا حصہ منتقل ہوچکا ہے ۔ بڑی تیزی سے یہ عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 جون سے یہ عمل اور بھی تیز ہوجائیگا ۔ تقسیم ریاست کے بعد جون 2014 سے آندھرا پردیش کو دس سال تک حیدرآباد کو مشترکہ راجدھانی کے طور پر استعمال کرنے کا موقع ہے ۔ دس برس کے بعد حیدرآباد صرف تلنگانہ کا حصہ رہ جائیگا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے مستقل دارالحکومت شہر امراوتی کا سنگ بنیاد دریائے کرشنا کے کنارے گذشتہ سال وجئے واڑہ میں رکھا ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش کا کہنا ہے کہ انتظامی مرکز کو ریاست کے جغرافیائی محل وقوع سے قریب ہونا چاہئے ۔ ایسے میں وجئے واڑہ کے قریب ایک عارضی سرکاری کامپلکس تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ اس کی تعمیر کا کام ایل اینڈ ٹی اور دوسری انفرا اسٹرکچر کمپنیوں کو دیا گیا ہے اور یہ کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔