حیدرآبادیکم فروری(یواین آئی) وائی ایس آر کانگریس سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا ہے کہ آندھراپردیش کے عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے اپنی یاترا کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے اور ان سے ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے ان کو دھوکہ دیاگیا۔ریاست میں سرمایہ کاری ، صنعتوں اور روزگار سے متعلق وزیراعلیٰ چندرابابونائیڈو کے بیانات صرف الفاظ تک ہی محدود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرض کی معافی کی اسکیم کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دیا گیا ۔کسانوں کی کسی بھی فصل کو اقل ترین امدادی قیمت ادا نہیں کی گئی ہے ۔ریاستی حکومت سے ریاست کا کوئی بھی فرد مطمئن نہیں ہے ۔ریاست کے اسکولس میں بیت الخلا کی مناسب سہولت نہیں ہے ۔ عوام کے مسائل سے واقفیت کے لئے ہی اس یاترا کا آغاز کیا گیا ہے ۔جگن نے آئندہ انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد سے متعلق کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔ اس یاترا کے دوران جگن 175 اسمبلی حلقوں میں تقریبا تین ہزار کیلومیٹر کا احاطہ کریں گے ۔ انہوں نے 6نومبر کو اس یاترا کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کا مقصد عوام کے درمیان جاکر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنا اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔ انہوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ وہ عوام سے جڑے رہیں گے ۔ یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کے لیڈر کافی کوشش کر رہے ہیں۔