اے پی تنظیم نو قانون کا تلگو ترجمہ کرنے کے اقدامات

حیدرآباد25اپریل (یواین آئی ) آندھرا پردیش تنظیم نو قانون جس کے تحت متحدہ آندھرا پردیش کو تقسیم کرتے ہوئے تلنگانہ خطہ کو ملک کی 29ویں ریاست کا درجہ دیا گیا تھا ‘ کا تلگو میں ترجمہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔71صفحات پر مشتمل اس مرکزی قانون کے ترجمہ کیلئے انگریزی سے تلگو اور تلگو سے انگریزی کی 5ڈکشنریوں کو حوالہ کے طور پر دیکھنا پڑرہا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ جلد ہی آندھرا پردیش تنظیم نو قانون 2014کا تلگو میں ترجمہ شائع ہوگا۔ اس کے لئے دونوں تلگو ریاستوں ،تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو ترجمہ کے کام کی تقسیم کی توقع ہے ۔یہ تقسیم 58:42کے تناسب سے مرکز کی جانب سے دی جائے گی ۔دونوں ریاستوں کی ایک ہی سرکاری زبان تلگو ہے ۔مرکزی حکومت نے ان ریاستوں میں یہ کام تقسیم کیا ہے ۔تلنگانہ کے لیگل ڈپارٹمنٹ کے ایک ذرائع نے کہا کہ اس کے ترجمہ کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ریاستی حکومت کی پہلی ترجیح آرڈیننس ، بلس ،اور ایکٹس ہیں جس کے بعد مرکزی بلس اور ایکٹس کا ترجمہ کیا جائے گا۔اس ترجمہ کے لئے 1852میں شائع شدہ ولیم براؤن کی پہلی تلگو۔انگریزی لغت کے ساتھ ساتھ دیگر ڈکشنریز کا استعمال کیا جارہا ہے جس میں تلگو زبان کے ساتھ ساتھ بولی اور روزمرہ استعمال ہونے والی زبان کے الفاظ بھی شامل ہیں تاکہ انگریزی زبان کے حقیقی متن اور اصطلاحات کے لحاظ سے موزوں تلگو الفاظ کا استعمال کیا جاسکے ۔اس کام کی تکمیل کے بعد تنظیم نو قانون کے تلگو ترجمہ کی نقل مرکز کو روانہ کی جائے گی جس کے بعد مرکز اس کی حتمی نقل صدر جمہوریہ کی منظوری اور ان کی دستخط کیلئے بھیجے گا۔اس کے بعد ہی تلنگانہ حکومت تلگو زبان میں آندھرا پردیش تنظیم نو قانون کی نقولات کی طباعت کا کام کرسکے گی ۔مرکز کی جانب سے اس کام کے لئے فنڈس فراہم کئے گئے ہیں تاہم ترجمہ کے کام کو دونوں ریاستوں میں 58:42کے تناسب سے تقسیم کرنے کی ضرورت ہوگی ۔
اُردو یونیورسٹی پالی ٹیکنیک کڑپہ و کٹک میں داخلے
حیدرآباد، 25؍ اپریل(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے حال ہی میں قائم شدہ پالی ٹیکنیک کڑپہ (آندھرا پردیش) اور کٹک (اڈیشہ) میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ڈائرکٹر نظامت داخلہ پروفیسر فضل الرحمن کے بموجب کڑپہ پالی ٹیکنیک میں ڈپلوما ان سول انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ، الکٹریکل اینڈ الکٹرانکس انجینئرنگ اور اپاریل انجینئرنگ میں داخلے دیئے جارہے ہیں۔ جبکہ پالی ٹیکنیک کٹک میں ڈپلوما ان سول انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ، الکٹریکل اینڈ الکٹرانکس انجینئرنگ اور آٹوموبائل انجینئرنگ میں داخلے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ آن لائن فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 7؍ مئی ہے جبکہ انٹرنس ٹسٹ 26؍ مئی کو مقرر ہے۔ کڑپہ میں داخلے کے خواہشمند طلبہ موبائل نمبر 8374116768 پر اور کٹک میں داخلے کے خواہشمند 9650356777, 9437314522 پر رابطہ کریں ۔