کانگریس کے 35 ایم پیز کا پارلیمنٹ ہاوز کے احاطہ میں مظاہرہ
نئی دہلی 23 فبروری ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے زائد از 35 ارکان پارلیمنٹ نے آج پارلیمنٹ ہاوز کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے روبرو مظاہرہ کیا ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون کے تحت جن مراعات کا اعلان کیا گیا تھا ان پر فوری عمل آوری کی جائے ۔ سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر جے ڈی سیلم نے کہا کہ یکے بعد دیگر حکومتوں کا قیام ایک مسلسل عمل ہے اور حکومتوں کے وعدوں کو پورا کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم نے پولاورم پراجیکٹ ‘ خصوصی زمرہ کا موقف ‘ اقتصادی مراعات اور ٹیکس استثنی کے علاوہ رائلسیما کے چار اضلاع اور شمالی ساحلی آندھرا کے تین اضلاع کیلئے بندیل کھنڈ طرز کے پیکج کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تیقنات پر فوری عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا و لوک سبھا میں نمائندگی کرنے والے کانگریس کے مختلف ریاستوں کے ایم پیز نے اس مظاہرہ میں حصہ لیا ہے ۔ مسٹر جے ڈی سیلم نے کہا کہ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے تنظیم جدید آندھرا پردیش میں جو وعدے کئے تھے ان کے تعلق سے بی جے پی کے سینئر لیڈرس کو اعتماد میں لیا تھا ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جانا چاہئے ۔