صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کو مبارکباد کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں تلگو دیشم کی بری طرح شکست ہونے پر سابق قائد تلگو دیشم مسٹر ایم نرسمہلو نے اپنی خوشی و مسرت کا اظہار کیا ۔ بلکہ نرسمہلو اور ان کے حامیوں نے تلگو دیشم کی شکست پر خوشیاں مناتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ایم نرسمہلو جنہیں مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں تلگو دیشم سے برطرف کردیا گیا تھا آج انتخابی نتائج کے فوری بعد وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کو ایک منحوس قائد سے نجات حاصل ہوئی ہے ۔ لہذا اس خوشی میں مسٹر ایم نرسمہلو نے 24 مئی کو ین ٹی آر گھاٹ پہونچکر بانی تلگو دیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر آنجہانی ین ٹی راما راؤ کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا ۔ سابق قائد تلگو دیشم نے مزید کہا کہ مسٹر چندرا بابو کی وجہ سے متحدہ آندھرا پردیش میں منحوسی چھائی ہوئی تھی اور پھر علحدہ ریاست آندھرا پردیش ہونے کے باوجود آندھرا پردیش میں مسٹر چندرا بابو کی زیر قیادت منحوس حکمرانی جاری رہی ۔ لیکن اب جب کہ جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش کے چیف منسٹر عہدے کا حلف لیں گے اس کے ساتھ ہی ریاست کی منحوسی فوری طور پر دور ہوجائے گی ۔۔