حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کے لئے خوشخبری دیتے ہوئے جاریہ سال ماہ جنوری تا اگسٹ تک کیلئے گرانی الاؤنس کے واجب الادا بقایا جات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان بقایا جات سے متعلق رقومات کی ادائیگی جاریہ ماہ کی تنخواہ کے ساتھ کی جائے گی۔ اے پی ایس آر ٹی سی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اس سلسلہ میں منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سریندر بابو نے احکام جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ عہدیداران اے پی ایس آر ٹی سی کو ضروری ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں متحدہ ریاست آندھراپردیش کے مطالبہ پر اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے کی گئی ہڑتال کے دنوں کو خصوصی رخصت اتفاقی تصور کرنے کے بھی سریندر بابو نے احکام جاری کئے۔ اسی ذرائع کے مطابق 13 اگسٹ 2013 ء تا 11 اکٹوبر 2013 ء ہڑتالی مدت کے بقایا جات سے متعلق رقم بھی اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ ادائیگیاں ہڑتالی مدت کے بعد وظیفہ پر سبکدوش اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کے لئے بھی قابل عمل ہوں گی۔