حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) ساحلی آندھراپردیش ، رائلسیما اور تلنگانہ کے چند مقامات پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلکی یا اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آج یہاں کہا کہ آئندہ چار دن کے دوران آندھراپردیش اور تلنگانہ کے موسمی حالات میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اس کے پڑوسی علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بوندا باندی ہوسکتی ہے اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا ۔ شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 اور کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس رہے گا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں آج صبح 8.30 بجے ریکارڈ کی گئی تفصیلات کے مطابق دونوں ریاستوں کے چند مقامات پر ہلکی اور اوسط بارش ہوئی ہے ۔