وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا سروے غلط ۔ صدر تلگودیشم و چیف منسٹر چندرا بابو کا پارٹی قائدین سے خطاب
حیدرآباد /20 فروری ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ سال 2019-2024 کیلئے آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی و لوک سبھا کیلئے تلگودیشم ایک بہتر ٹیم کا انتخاب کرے گی ۔ آج الیکشن مشن 2019 کے موضوع پر پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نے کہا کہ امیدواروں کا انتخاب عوامی رائے کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا اور راست انخابات میں جن قائدین کو موقع فراہم نہیں ہوسکے گا ۔ انہیں نامزد عہدوں کیلئے اولین ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض اپنے سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے غلط سروے کروارہی ہے اور دیگر ایجنسیوں سے ذریعہ سروے کروانے کی کوشش پر انہیں سروے کرنے میں روکاوٹیں پیدا کرنے کے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین اقدامات کر رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے موافق سروے کروانے کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ نچلی سطح پر حقائق پر مبنی سروے کروانے سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بہت زیادہ خوف پایا جاتا ہے ۔ تلگودیشم پارٹی کے بعض قائدین کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ چند ایک قائدین تلگودیشم سے متفق ہوکر دیگر پارٹیوں بشمول وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے سے تلگودیشم پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوگا ۔ محض اپنی جائیدادوں کا تحفظ کرلینے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی دھمکیوں سے ڈر کر ہی تلگودیشم پارٹی سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور صرف چند ایک قائدین کی شمولیت کو ظاہر کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ علاوہ ازیں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور وائی ایس جگن موہن ریڈی حیدرآباد میں قیام کرکے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کے ذریعہ تلگودیشم کے بعض قائدین کو بلیک سیل کروا رہے ہیں اور تلگودیشم پارٹی قائدین کو پارٹی سے دوری اختیار کرنے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوجانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ پلوامہ واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے چندرا بابو نے کہا کہ پلوامہ واقعہ سے ہرگز کسی قسم کا تعلق نہ رہنے کا پاکستان نے واضح طور پر اظہار کرچکا ہے ۔ اس سے پلوامہ واقعہ کے پس پردہ سیاسی مفادات و فوائد حاصل کرنے کی کوششیں ہی پائی جانے کے شکوک و شبہات ہیں ۔ چیف منسٹر نے مزید کہاکہ یہ شکوک و شبہات ملک بھر میں ہیں ۔انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ اپنے مفادات کے حصول کیلئے ملک کو کسی بھی سمت میں لے جانے کی کوشش کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ برداشت بھی نہیں کیا جائے گا ۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے ملک کو نقصان پہونچانے کی کوششوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی پارٹی قائدین و دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے پر زور اپیل کی ۔