اے ٹی ایم دھوکہ دہی پر چھ رکنی ٹولی گرفتار

تھانے ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھ افراد کی گرفتاری کے ساتھ جن میں دو کا تعلق اترپردیش سے ہے ، سٹی پولیس نے ایک اے ٹی ایم کارڈ ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو بینک کسٹمرس کو نشانہ بنایا تھا اور ان کے اکاونٹس سے غلط طریقہ سے پیسے نکال لیا کرتا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ گرفتار کیے گئے لوگوں میں ایک آدمی ہے جس کا یہ دعویٰ ہے کہ اس نے ایک فلم پروڈکشن منیجر کے طور پر کام کیا ہے ۔ کل شام پریس کانفرنس میں اے سی پی ( کرائم ) مکند ہٹوٹے نے کہا کہ ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کرائم برانچ ٹیم نے 10 مئی کو ممبئی ۔ احمد آباد ہائی وے پر جال بچھایا اور ملزمین کو گرفتار کیا ۔ محروسین کی تفتیش پر یہ معلوم ہواکہ وہ اے ٹی ایم مشینوں کو ہیک کرتے تھے ۔ پن کوڈس کا سرقہ کرتے تھے اور بینک کسٹمرس کے اکاونٹس سے پیسے نکال لیا کرتے تھے ۔ وہ اے ٹی ایم مشینس پر نظر رکھا کرتے تھے اور پیسے نکالنے والے کسٹمرس کی مدد کے بہانے ان کے پن کوڈس چوری کرتے تھے ۔ اندازہ ہے کہ اس ٹولی نے اکاونٹ ہولڈرس کے 10 تا 12 لاکھ روپئے ٹھگ لیے ۔ ٹولی کی شناخت سنتوش اوم پرکاش گیری ( 38 سال ) آفتاب عالم خاں (28) کیشیا (27 ) ، وجئے واڑہ 48، الوک سنگھ 30 اور احمد حسین خان 24 کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔