عوام کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد انہیں حل کرنے کا تیقن
شمس آباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کے گراما جیوتی کے تحت اے سی بی سربراہ جناب اے کے خاں نے شمس آباد کے موضع جوکل کو اپنایا تھا ۔ جس کے تحت انہوں نے آج جوکل کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر انہوں نے شجرکاری بھی کی اور جوکل کا پیدل دورہ کیا ۔ جوکل کے اسکول میں انہوں نے طلباء سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کی ۔ مقامی عوام نے سڑکوں کی تعمیر ، انڈر گراونڈ ڈرینج ، کچرے کی صفائی ، بسوں کی سہولت ، اسکول بلڈنگس ، پنشن ، پٹہ وغیرہ کے مسائل بیان کئے ۔ اے کے خاں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ عوام چھوٹے چھوٹے مسئلوں کو وہ خود حل کرسکتی ہے ۔ کچرے کی صفائی کے لیے فی گھر ایک ایک پلاسٹک پیاکٹس جن میں کچرا ڈالا جاسکتا ہے فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ عوام روزانہ کچرا اس بکیٹ میں ڈال کر کچرے کی گاڑی آنے پر اسے دینے کو کہا جس سے خود بہ خود صاف صفائی ہوجائے گی اور کئی وبائی امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ بس کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ڈپو منیجر کے ساتھ آکر مسئلہ کو حل کریں گے ۔ پنشن کے مسئلہ کے لیے وہ ضلع سطح پر عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انڈر گراونڈ ڈرینج ، سڑکوں کی تعمیر ، اور اسکول بلڈنگ کے لیے حکومت سے بات کر کے اسے حل کرائیں گے ۔ جوکل میں بڑے دواخانہ کے لیے بھی وہ ضلع کلکٹر و دیگر عہدیداروں سے بات کریں گے ۔ مسلمانوں کے لیے قبرستان کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ کارروائی کرتے ہوئے اراضی کی فراہمی کے لیے پہل کریں گے ۔ اور ساتھ ہی ایک کمیونٹی ہال جس میں تمام مذاہب کے لوگوں کے استعمال کے لیے قائم کرنے کی کوشش کریں گے ۔ جناب اے کے خاں نے کہا کہ اولیائے طلباء اپنے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرے اور یہاں کے اسکولس میں کمپیوٹرس بھی وہ فراہم کریں گے ۔ انہوں نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی انسان ترقی کرسکتا ہے اور ساتھ ہی کمپیوٹر کی تعلیم بھی بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گڑمبہ تیار کرنے یا فروخت کرنے والے فورا اسے بند کردے ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ شراب ہی کے ذریعہ سماج میں کئی برائیاں پیدا ہوتی ہے ۔ جناب اے کے خاں نے کہا کہ جوکل کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کیا جائے گا اور تمام مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اے سی بی سربراہ کی آمد پر انکا شاندار استقبال کرتے ہوئے عوام نے امید ظاہر کی کہ کم از کم اب ان کے مسائل حل ہوں گے ۔ اس موقع پر سرکاری عہدیداروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔