ای پی ایف او سرویس کو عصری بنانے کی ستائش

۔65 ویں تاسیس تقریبات کا آغاز، سمترا مہاجن نے افتتاح کیا
نئی دہلی2نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے امپلائز پراویڈنٹ فنڈآرگنائزیشن (ای پی ایف او) کی خدمات کو ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششوں کی ستائش کی ہے ۔ اس طرح ای پی ایف او کے تحت آنے والے ملازمین کے دعوؤں کی تیزی سے یکسوئی کی جاسکے گی۔ سمترا مہاجن آج یہاں ای پی ایف او کے 65ویں یوم تاسیس کی تقریبات کا افتتاح کررہی تھیں۔ سمترا مہاجن نے ای پی ایف او کے مختلف علاقائی دفاتر میں ایم ڈبلیو سولر پاور پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔محنت کشوں اور ملازمین کی امور کے وزیر سنتوش کمار گنگوار نے کہا کہ ای پی ایف او نے 1952 میں اپنی تاسیس کے بعد سے کارکردگی کے محاذ پر لمبی چھلانگ لگائی ہے ۔ اس تنظیم نے پچھلے 65 برسوں میں کئی سنگین میل پار کئے ہیں۔ صرف ساڑھے پانچ لاکھ ممبروں سے سفر شروع کرنے والے اس ادارے سے آج ساڑھے چار کروڑ ملازمین فیضیاب ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تنظیم کے تحت آج دس لاکھ سے زیادہ ادارے ہیں جبکہ آغاز کے مرحلے میں یہ تعداد صرف 1267 تھی۔وزیر محنت نے کہا کہ آجروں کے آن لائن رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کے لئے اس تنظیم نے کئی شروعات کی ہیں اور اسکیموں کے احاطے کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے ، تاکہ غیر منظم سیکٹر کے ورکروں کا بھرپور احاطہ کیا جاسکے ۔