ای پی آئی سی نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کا مطالبہ

صدر مجلس بچاؤ تحریک مجید اللہ خاں کا الیکشن کمیشن تلنگانہ کو مکتوب
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) صدر مجلس بچائو تحریک جناب مجید اللہ خان نے آدھار کے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ خانگی اداروں‘ موبائیل کمپنیوں‘ اسکولس اور بینکوں میںآدھار نمبرمربوط کرنے سے جہاں پر عدالت نے باز رہنے کاحکم دیا ہے وہیںپیان کارڈ اور ای پی آئی سی( ووٹر آئی ڈی کارڈ) نمبر سے مربوط کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ پیان کارڈ اور دیگر سرکاری امور میںآدھار کے استعمال کوصاف اور شفاف انتظامی امور کی تکمیل کاذریعہ بھی بتایاہے۔ جناب مجید اللہ خان نے کہاکہ مہارشٹرا کے بشمول بہت ساری ریاستوں میںووٹر آئی کارڈ( ای پی آئی سی نمبر) کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کاکام تیس فیصد سے زیادہ کیاجاچکا ہے ۔ بالخصوص یہ ذمہ داری الیکشن کمیشن آف انڈیا پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک بھر میںہونے والے مجوزہ انتخابات سے قبل آدھار کو ای پی آئی سی نمبر سے مربوط کرتے ہوئے حقیقی رائے دہندوں کو حق رائے دہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ عظمیٰ کے تاریخ ساز فیصلے کے بعد مجلس بچائو تحریک نے دوبارہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور الیکشن کمیشن آف تلنگانہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ 8اکٹوبر کو رائے دہندوں کی فہرست کی اجرائی سے قبل ای پی ائی سی نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کاکام شروع کریں تاکہ ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میںبوگس رائے دہندوں کے ذریعہ دھاندلیوں کے متعلق پائے جانے والے خدشات کو دور کیاجاسکے۔