یادگار شہیدان پر گلہائے عقیدت پیش کیا جائیگا‘ پریڈ گراونڈ پر مارچ پاسٹ ۔ 5 جون کو چارمینار پر غلام علی کا پروگرام
حیدرآباد 31 مئی ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ ریاست کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر ایک ہفتہ طویل جشن کا اہتمام کریگی جس کا آغاز 2 جون سے ہوگا ۔ یہ ریاست تلنگانہ قیام کے پہلے سال کی تکمیل کا جشن ہوگا ۔ 10 اضلاع پر مشتمل نو تشکیل شدہ ریاست میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کی تیاریاں پوری ہوچکی ہیں ۔ اس جشن کے دوران ایک ہفتہ طویل تقاریب میں مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے جن میں تلنگانہ کے کلچر کو اجاگر کرنے کے علاوہ علیحدہ ریاست کیلئے کی گئی جدوجہد کو بھی شامل کیا جائیگا ۔ سرکاری تقاریب کا 2 تا 7 جون انعقاد عمل میں آئیگا جس میں کئی کلچرل اور ادبی پروگرامس منعقد ہونگے جن میں ایسے کئی پروگرامس شامل ہیں جن کے ذریعہ نئی ریاست کے کلچر اور اس کی تاریخ کو پیش کیا جائیگا ۔ تلنگانہ ملک کی 29 ویں ریاست قرار پائی ہے جس کی تشکیل گذشتہ سال 2 جون کو عمل میں آئی تھی ۔ اسے آندھرا پردیش سے علیحدہ کیا گیا تھا ۔ تقاریب کا آغاز 2 جون کو گن پارک یادگار شہیدان پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوگا ۔ تمام سرکاری دفاتر پر ترنگا پرچم لہرایا جائیگا ۔ پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے مارچ پاسٹ کا اہتمام کیا جائیگا اور مختلف محکمہ جات کی جانب سے جھانکیاں پیش کی جائیں گی ۔ اس کے بعد انعامات کی تقسیم عمل میں آئیگی ۔ ریاست پرنسپل سکریٹری سیاحت و کلچر بی پی اچاریہ نے یہ بات بتائی ۔ علیحدہ ریاست کیلئے جدوجہد اور ریاست کی تشکیل کے دوران پیش کی گئی قربانیوں کی یاد دہانی کے طور پر حکومت تمام شعبہ جات میں تقاریب منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جن میں ادبی پروگرامس سے موسیقی کے پروگرامس تک شامل ہیں۔ یہ پروگرامس ریاست کے تمام اضلاع میں ایک ہفتے تک منعقد ہوتے رہیں گے ۔ ان کے علاوہ جن شہریوں نے اپنے اپنے متعلقہ شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں انہیں بھی نقد انعامات پیش کئے جائیں گے ۔ ضلع سطح پر تقاریب کا آغاز 2 جون کو تلنگانہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوگا ۔ حیدرآباد میں کئی مقامات کے علاوہ دہلی میں تلنگانہ بھون میں عوام کیلئے کئی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ مسٹر اچاریہ نے کہا کہ تلنگانہ کی کہانی بہت شاندار ہے اور اس کے قیام کے ایک سال کی تکمیل پر ہم سات دن تک جشن منانے کیلئے تیار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگرامس کا مقصد عوام میں جشن کا احساس پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلچرل پروگرامس میں موسیقی کے شوز ‘ تلنگانہ سنیما کے پروگرامس ‘ معروف رقاصوں کے بیالے ڈانس ‘ فولک گیتوں کے پروگرامس ‘ یکشا گانم ‘ کامیڈی شوز بھی منعقد کئے جائیں گے اور سمینار اور کلچرل پروگرامس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ ایک 3D روشنی کا کلاک ٹاور ‘ بدھا مجسمہ اور کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن پر اہتمام کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ راج بھون ‘ نیکلس روڈ ‘ حسین ساگر ‘ لمبنی پارک ‘ میٹرو ریل پلرس ‘ ٹریفک سگنلس اور سرکاری دفتر کی عمارتوں پر روشنیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 15 مقامات پر 15 منٹ تک آتشبازی کا اہتمام کیا جائیگا ۔ روزآنہ ہونے والے پروگرامس میں مختلف برادریوں کی کلچرل شناخت کو بھی اجاگر کیا جائیگا ۔ معروف غزل گلوکار غلام علی 5 جون کو چارمینار کے دامن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے ۔ پیپلز پلازا پر تلنگانہ فوڈ فیسٹول اور ’’ دعوت حیدرآباد ‘‘ کا اہتمام بھی کیا جائیگا ۔ تلنگانہ کے فنکاروں کی سنسکریتیکا سارتھی یاترا کا اہتمام کیا جائیگا جو 7 جون کو ٹینک بنڈ پر واپس پہونچے گی ۔ مسٹر اچاریہ نے بتایا کہ تقاریب کے آخری دن مختلف اضلاع کے پانچ ہزار فنکار مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔