ایک طالب علم کو دو امتحانی مرکز الاٹ۔تلنگانہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کی سنگین لاپرواہی

حیدرآباد 6جون (یواین آئی) تلنگانہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کی لاپرواہی کا ایک اور معاملہ منظرعام پرآیا ہے ۔ ضلع جگتیال کے ایک طالب علم کو بورڈنے 12جون سے شرو ع ہونے والے انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کیلئے دو ہال ٹکٹس جاری کئے ہیں۔ضلع جگتیال کے ابراہیم پٹنم موضع سے تعلق رکھنے والے ونود نے 2015-17کے دوران مٹ پلی کے ا یک پرائیویٹ کالج سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کی۔ کیمسٹری کے امتحان میں ناکامی پر ونود نے سپلیمنٹری امتحان میں شرکت کیلئے فیس داخل کی تاہم اس طالب علم کو دو مختلف امتحانی مراکز کے ہال ٹکٹس ملنے پر حیرت ہوئی۔ونود نے بورڈ کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ اس کیلئے ایک امتحانی مرکز الاٹ کرے ۔