ایک جیسے نام کی غلطی، خاتون کے بینک اکاؤنٹ میں خطیر رقم منتقل

بوسٹن ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بوسٹن کی ایک خاتون نے خوشی خوشی یہ بات بتائی کہ کچھ منٹوں کیلئے وہ کروڑپتی بن گئی تھی۔ ایلین فلیمنگ نامی اس خاتون نے بتایا کہ اسے ٹی ڈی امیری ٹریڈ فینانشیل کسنلٹنٹ کی جانب سے ایک وائس میل (ندائی پیغام) موصول ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم جمع کروائی گئی ہے۔ 26 سالہ خاتون نے جب اپنے سیل فون پر کمپنی کا ایک ایپ کھولا تو یہ دیکھ کر اس کی حیرت کی انتہاء نہ رہی کہ اس کے بینک کھاتہ میں 1.1 ملین ڈالرس جمع ہیں جبکہ اسے اچھی طرح معلوم تھا کہ کچھ ماہ قبل جب اس نے آخری بار رقم نکالی تھی تو اس کے بینک کھاتہ میں صرف 50 ڈالرس ہی موجود تھے۔ دی بوسٹن گلوب نامی اخبار سے بات کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ اسے فوری طور پر ملازمت ترک کردینے اور اپنے قرضوں کی ادائیگی کا خیال آیا۔ تاہم اس نے مزید تصدیق کیلئے کنسلٹنٹ کے دفتر کو فون کیا جہاں سے اسے پتہ چلا کہ یہ ’’غلطی‘‘ دراصل اس لئے سرزد ہوئی کہ جس خاتون کے کھاتہ میں رقم منتقل کی جانے والی تھی اتفاق سے اس کا نام بھی ایلین فلیمنگ ہی تھا۔ آخر میں اس نے ازراہ مذاق کہا کہ جب اس کا انتقال ہوگا تو کم سے کم خبروں میں یہ تو تحریر کیا جائے گا کہ وہ ایک بار (کچھ ہی دیر کیلئے سہی) کروڑپتی رہ چکی ہے۔