ایکریسٹ میں خاتون سائنسداں کو ہراسانی کی شکایت

حیدرآباد /3 جنوری ( پی ٹی آئی ) شہر کے مضافات میں زرعی فصلوں کی تحقیق کے ایک بین الاقوامی ادارے سے وابستہ خاتون سائنسداں نے کام کے مقام پر اپنے ایک سینئر ساتھی کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائی اور اس ادارے کو قانونی نوٹس روانہ کی گئی ہے ۔ ایکریسیٹ کی خاتون سائنسداں درگا ( نام تبدیل ) نے الزام عائد کیا کہ یہ ادارہ اس مسئلہ کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے اور اپنی ایک خاتون اسٹاف ممبر کیلئے مقررہ قانون کے مطابق کاررائی سے گریز کر رہا ہے ۔

ایکریسٹ گورننگ باڈی کے چیرمین این جے پولے نے اس خاتون کی نوٹس کے جواب میں کہا کہ اس کی شکایت کا دوبارہ جائزہ لیتے ہوئے سماعت کا احیاء کیا جائے ۔ 28 سالہ خاتون سائنسداں نے اپنی نوٹس میں کہا تھا کہ جنوری 2013 میں اپنے افسر بالا کی جانب سے جنسی ہراسانی کے بارے میں گورننگ باڈی سے شکایت کی تھی اور اگرچہ اس نے ملزم کی جانب سے معذرت خواہی سے صورت میں شکایت سے دست برداری سے اتفاق بھی کیا تھا لیکن معذرت خواہی نہیں کی گئی ۔
غیر شادی شدہ سائنسداں درگا نے الزام عائد کیا کہ کام کے مقام پر ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے اور ایکریسٹ تاحال ملزم کی جانب سے خاتون کو ہراسانی سے باز رکھنے مناسب کارروائی کرنے میں ناکام ہوگیا ہے ۔