ایچ آر ڈی وزارت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مداخلت نہ کرے : شاہی امام

نئی دہلی ۔ 14 ۔ نومبر : ( فیکس ) : شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کتاب اللہ اور سنت رسول ؐکی پیروی کریں اسی میں دین کی فلاح ہے اور اسی میں دنیا کی سرخ روئی ہے جو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑتا ہے وہی رحمت کا مستحق ہوتا ہے ۔ دشمن کی شاطرانہ چالوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ شاہی امام نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بارے میں وزارت فروغ برائے انسانی وسائل ( ایچ آر ڈی ) کی طرف سے مداخلت پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ سے علی گڑھ یونیورسٹی کا کام بڑی خوشی اسلوبی سے ہورہا ہے اس کے فارغین ملک و بیرونی ممالک میں ہندوستان کا نام روشن کررہے ہیں اور وہاں پر طالب علم لڑکے اور لڑکیاں نہ صرف اطمینان و سکون سے تعلیم حاصل کررہے ہیں بلکہ انہیں اس پر فخر ہوتا ہے ۔ وزارت متعلقہ کو اس کے فنڈ میں اضافہ کر کے یونیورسٹی کو ترقی دینے اور اسے اقلیتی کردار عنایت کرنے کا فیصلہ لینا چاہئے چہ جائیکہ اس کے فنڈ میں کٹوتی کی جارہی ہے اور وہاں لائبریری کے معاملہ میں یہ وزارت وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ سے رپورٹ طلب کررہی ہے ۔