حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آندھرا پردیش کے ضلع کرنول کے ایک اسکول میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک کلاس میں ٹیچر نے ایک طالب علم کو ایپا سوامی کے بھکت کے ( روایتی سیاہ ) لباس میں کلاس روم پہونچنے پر سرزنش کی ۔ جس کی اطلاع عام ہوتے ہی پوجا کے لیے سبری ملائی جانے والے ایپا کے درجنوں بھکت وہاں جمع ہوگئے اور اس ٹیچر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ٹیچر نے اس طالب علم کے گلے سے ایپا کی مالا اتار کر چھین لیا اور ایپا کے بھکت کی حیثیت سے سیاہ لباس پہن کر اسکول پہونچنے پر طالب علم کو ڈانٹ ڈپٹ کی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایپا کے متعدد بھکت اسکول پہونچ گئے ۔ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس ٹیچرس کے خلاف فی الفور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ تاہم پولیس بھی بروقت وہاں پہونچ گئی اور احتجاجی ہجوم کو منتشر کرنے کے بعد طالب علم کا بیان قلم بند کیا ۔۔