واشنگٹن ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کا ہے کہ جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے اور پاکستان میں جوہری مواد کے تحفظ کیلئے ایک مؤثر نظام موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس جوہری مواد کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے نیو کلیئر ایمرجنسی مینجمنٹ نظام سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر میکانزم موجود ہے۔ یہ باتیں امورِ خارجہ کے بارے میں وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی نے واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ’’نیو کلیئر اینڈ ریڈیولوجیکل ایمرجنسی سپورٹ سینٹر اور نیوکلیئر اینڈ ریڈیویوجیکل ایمرجنسی کوآرڈنیشن سینٹر 24گھنٹے کام کررہے ہیں‘‘۔ فاطمی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے اور پاکستان اس میں شامل ہے۔ پاکستان میں ماضی میں کئی اہم فوجی تنصیبات پر بڑے شدت پسند حملوں کے بعد عالمی سطح پر یہ تحفظات پائے جاتے ہیں کہ آیا پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ بھی ہیں یا نہیں۔ پاکستان اس حوالے سے کئی بار یہ یقین دہانیاں کروا چکا ہے کہ اس کے جوہری ہتھیار مکمل طور محفوظ ہیں۔پاکستان کے جوہری اثاثوں کے محلِ وقوع کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان ہتھیاروں کے مختلف حصوں کو علیحدہ علیحدہ جگہوں پر اسٹور کیا گیا ہے۔اب تک امریکی حکام جوہری اثاثوں کے محفوظ ہونے کے بارے میں پاکستان کی یقین دہانیوں کو، بے شک کھلے عام ہی سہی، قبول کرتے رہے ہیں۔ لیکن جیسے جیسے ملک میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ایسے ہی واشنگٹن کی تشویش بھی بڑھی ہے۔