سیاسی مخالفت بند کی جائے، یوپی کے وزیرتوانائی سریکانت شرما کا بیان
بلیا (یوپی) ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا میں رام مندر پہلے سے موجود ہے اور اِس معاملے کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اترپردیش کے وزیر توانائی سریکانت شرما نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ مندر کا یہ مسئلہ عوام کے عقیدے سے تعلق رکھتا ہے۔ اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ نے بھی یہ تسلیم کیا ہے کہ یہ عقیدے کا معاملہ ہے۔ جو لوگ مندر کی تعمیر کے خلاف ہیں اُنھیں سیاسی مخالفت بند کرنی چاہئے۔ ایودھیا میں اِس وقت عارضی رام مندر ہے جہاں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے کل پوجا کی تھی۔ سریکانت شرما نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اتحاد تشکیل دینے کی کوششوں کو بھی مسترد کردیا اور کہاکہ اِس سے اِن کی مایوسی کا اظہار ہوتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کا صفایا ہوگیا اور ایس پی و بی ایس پی میں اتنا حوصلہ نہیں کہ وہ بی جے پی قائدین نریندر مودی اور آدتیہ ناتھ کا سامنا کرسکے۔ سریکانت شرما نے یوپی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے لئے پیشرو سماج وادی پارٹی کو مورد الزام قرار دیا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اپوزیشن ریاست میں آدتیہ ناتھ حکومت کا امیج مسخ کرنے کی سازش کررہی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ حالیہ چند ہفتوں کے دوران پرتشدد واقعات اسی کا ثبوت ہیں۔