ناگپور / ہردوار 25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مودی حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر آر ایس ایس اور وی ایچ پی نے آج کہا کہ ایودھیا میں ( بابری مسجد کے مقام پر ) رام مندر تعمیر کی جانی چاہئے ۔ دونوں تنظیموں نے حکومت سے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات سے قبل کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کرے ۔ آر ایس ایس اکھل بھارتیہ سبا سمپرک پرمکھ ارون کمار نے ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کی توقعات کو پورا کرے اور رائے دہندوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے ۔ خاص طور پر رام مندر کی تعمیر اور دفعہ 370 کی تنسیخ کے وعدوں کو پورا کیا جانا چاہئے ۔ وی ایچ پی نے بھی حکومت سے کہا کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے ۔ وی ایچ پی کی کیندریہ مارک درشک منڈل کے دو روزہ اجلاس کے آج پہلے دن ہردوار میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سادھو سنتوں کا ایک وفد تیار کرکے حکومت سے مسئلہ رجوع کیا جائیگا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوںکو دو رکیا جائے ۔ حکومت کو اس سلسلہ میں اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے ۔