ایودھیا مقدمہ کی 26 فبروری کو سپریم کورٹ میں سماعت

نئی دہلی ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وہ سیاسی اعتبار سے حساس رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد متنازعہ اراضی ملکیت کے مقدمہ کی 26 فبروری کو سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ کی 5 رکنی بنچ کی قیادت چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کریں گے۔ سپریم کورٹ کی بنچ نے 29 جنوری کو مقرر سماعت ملتوی کردی تھی کیونکہ بنچ کے رکن جسٹس ایس اے بوبڑے اسی دن دستیاب نہیں تھے۔ چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس بوبڑے، جسٹس چندراچوڑ، جسٹس اشوک بھوشنی اور جسٹس ایس اے ناگی اسی بنچ میں شامل ہیں۔ بنچ الہ آباد ہائیکورٹ کے 2010ء کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرے گی۔ سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑہ اور رام للا مقدمہ کے فریقین ہیں۔