ایوان میں شہزادہ سلیم جلوہ افروز

صدر نشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے شیروانی زیب تن کی
حیدرآبادی تہذیب کو اختیار کرنے پر ارکان کی جانب سے مبارکباد
حیدرآباد۔/3نومبر، (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین سوامی گوڑ کو آج ارکان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے حیرت میں ڈال دیا۔ سوامی گوڑ جیسے ہی شیروانی زیب تن کئے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے ارکان نے مبارکباد کے الفاظ ادا کئے۔ سوامی گوڑ نے سب کو آداب کہہ کر اپنی نشست سنبھالی لیکن وہ اس بات پر حیرت میں تھے کہ کیوں مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔ قائد اپوزیشن محمد علی شبیرنے کہا کہ حیدرآبادی تہذیب کی علامت شیروانی زیب تن کرنے پر وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صدر جمہوریہ کی طرح صدرنشین کونسل نے بھی لباس زیب تن کیا ہے اور وہ ایوان میں شہزادہ سلیم دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بھی سوامی گوڑ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مہربانی سے تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی اور آج ایوان میں تلنگانہ کلچر دکھائی دے رہا ہے۔ چیف منسٹر ہر سال رمضان میں شیروانی اور ٹوپی پہنتے ہیں اور یہ اچھی روایت ہے جس کے لئے صدرنشین کونسل قابل مبارکباد ہیں۔ ایم ایس پربھاکر ٹی آر ایس نے بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے موقع پر صدرنشین کا شیروانی زیب تن کرنا حیدرآبادی تہذیب کو ظاہر کرتا ہے۔ حیدرآباد کی شان شیروانی ہے اور ہم تمام کو گنگا جمنی تہذیب کا تحفظ کرنا چاہیئے۔ اس مرحلہ پر صدرنشین کونسل سوامی گوڑ نے ارکان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ حیدرآباد دکن ہے اور گنگا جمنی تہذیب اس کی علامت ہے۔اس تہذیب کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی تمام کو ساتھ ملکر سنہرے تلنگانہ کے حصول کیلئے آگے بڑھنا چاہیئے۔