کوزی کوڈ۔/26مئی، ( پی ٹی آئی) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مکل واسنک نے بی جے پی کی زیر اقتداراین ڈی اے حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مودی حکومت کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد زرعی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے ، زرعی اشیاء کی برآمد بھی 25فیصد گھٹ چکی ہے جو کہ حکومت کی جانب سے کسان فلاحی اسکیمات کی کٹوتی کا نتیجہ ہے۔ مکل واسنک نے یوتھ کانگریس کی جانب سے منعقدہ سمینار بعنوان ’ نوجوان سیاست کی نئی جہت ‘ کا افتتاح کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ ان شرپسند عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں جو ملک کے جمہوری اقتدار کے نظام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
اشرار کی فائرنگ میں ہندی جرنلسٹ زخمی
مظفر نگر ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : ضلع شیاملی کے کندھلا ٹاون میں 3 نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ میں ایک جرنلسٹ شدید زخمی ہوگیا ۔ ضلع ایس پی مسٹر وجئے بھوشن نے بتایا کہ ہندی روزنامہ امر اجالا میں برسر خدمت صحافی ونئے جلیاں کل شب مکان واپس آرہے تھے کہ 3 موٹر سیکل سواروں نے گولی مار دی ۔ انہیں فی الفور قریبی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا جہاں پر ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔