رام ناتھ کووند کے اعزاز میں ظہرانہ ، دستور کی پاسداری کرنے کا عہد ‘ چیف منسٹر نے بہ نفس نفیس وداع کیا
حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند کا آج حیدرآباد پہنچنے پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ برسر اقتدار ٹی آر ایس نے رامناتھ کووند کی مکمل تائید کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ صدر جمہوریہ کے عہدہ کے وقار کو برقرار رکھنے ہر ممکن مساعی کرینگے ۔ رامناتھ کووند نے آج تلنگانہ اور آندھراپردیش کا دورہ کرکے مختلف جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ٹی آر ایس ، تلگو دیشم ، وائی ایس آر کانگریس اور بی جے پی کے عوامی نمائندوں اور قائدین سے علحدہ ملاقات کی۔ رامناتھ کووند جو چند گھنٹوں کیلئے حیدرآباد میں تھے ، ان کیلئے ٹی آر ایس کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جل وہار میں ٹی آر ایس کے وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر سینئر قائدین کے اجلاس میں رامناتھ کووند نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں اور قائدین کا کووند سے تعارف کرایا ۔ ٹی آر ایس اگرچہ این ڈی اے میں شامل نہیں ہیں لیکن اس میں رامناتھ کووند کی امیدواری کا سب سے پہلے اعلان کیا تھا۔ صدارتی امیدوار کی آمد کے موقع پر انکے استقبال کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر ہورڈنگس لگائے گئے۔ رامناتھ کووند خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچے ۔ ریاستی وزرا و ارکان پارلیمنٹ نے ان کا استقبال کیا جبکہ واپسی کے موقع پر خود چیف منسٹر انہیں وداع کرنے ایرپورٹ پر موجود تھے۔ ٹی آر ایس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رامناتھ کووند نے کہا کہ صدر جمہوریہ کا عہدہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہے اور وہ دستور کی پاسداری اور اس کی بالادستی کیلئے مساعی کریں گے ۔ مرکزی وزرا ایم وینکیا نائیڈو اور بنڈارو دتاتریہ بھی ٹی آر ایس کے اجلاس میں شریک تھے ۔ ( باقی سلسلہ صفحہ 8 پر )