این ڈی اے سے نکل جانے چندرا بابو نائیڈوکی دھمکی

آندھراپردیش کو خصوصی موقف کیلئے اصرار، پارٹی قائدین سے مشاورت
حیدآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے راجیہ سبھا میں آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کے مسئلہ پر مباحث کے نتائج پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاملہ آندھراپردیش کے موافق نہ رہا تو وہ این ڈی اے سے نکل جانے میں پس و پیش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کیوں قومی پارٹی آندھراپردیش کو نشانہ بنارہی ہے۔ اسی دوران تلگودیشم ذرائع نے کہاکہ چیف منسٹر ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نریندر مودی سے یہ مسئلہ رجوع کریں گے تاکہ آندھراپردیش کا بھلا ہوجائے۔  اگر ایسا نہیں ہوا تب بی جے پی سے قطع تعلق کے بشمول مختلف امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ چندرا  بابو نائیڈو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کیوں وزیرفینانس نے منفی طرزعمل اختیار کیا جبکہ تمام سیاسی پارٹیاں آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ مرکز کو ایک اور مکتوب روانہ کریں گے کہ کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے مسئلہ حل کیا جائے اور آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مابین تمام تنازعات کی یکسوئی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت تو وہ تمام امکانات کھلے رکھے ہیں۔ پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد وہ کوئی فیصلہ کریں گے۔ اس کا انحصار حالات پر ہوگا۔ نائیڈو نے مرکزی وزیرفینانس کے اس دعوے سے اتفاق نہیں کیا کہ 14 ویں فینانس کمیشن نے خصوصی موقف دینے سے اتفاق نہیں کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ فینانس کمیشن کا خصوصی موقف سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ محض مرکز پر تکیہ کئے ہوئے نہیں ہیں۔ وہ ریاست کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کی مقدور بھر کوشش کررہے ہیں ۔