این ڈی اے حکومت یو پی اے حکومت سے زیادہ مختلف نہیں

نئی دہلی۔/12مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے سابق نظریہ ساز کے این گوئند آچاریہ نے آج نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہی جانبداری اور وہی کرپشن مودی حکومت میں بھی دیکھا ہے جس کی وجہ سے سابقہ یو پی اے دورِ اقتدار میں عوام بدظن ہوگئے تھے۔ گوئند آچاریہ راشٹریہ سوابھیمان آندولن کے بانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو میڈ فار انڈیا پالیسیاں پیش کرنی ہوں گی۔ حکومت اپنا ایک سال مکمل کرچکی ہے لیکن تاحال ہم حقیقت میں اس کے کوئی کارنامے نہیں دیکھ پارہے ہیں اور یہی فکرمندی کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو بے سمت پالیسی مسائل ہیں جبکہ دوسری طرف داخلی اختلافات مختلف وزارتوں کے درمیان پیدا ہوگئے ہیں۔ عوام مودی جی کی طرف دوسروں سے مختلف شخصیت کی حیثیت سے دیکھ رہے تھے لیکن اپنے تخمینوں پر عوام کو خود ندامت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ مجھے بھی سابقہ حکومت اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نظر نہیں آتا وہی جانبداری اور وہی بدعنوانیاں ہر طرف پھیلی ہوئی ہیں۔ حکومت کی حصول اراضی قانون کے بارے میں پالیسی اور اسمارٹ سٹیز و میک اِن انڈیا تصورات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ اپنے مشیروں سے ہوشیار رہیں جو حالات کو ابتر بناسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ نریندر مودی کے مشیر کون ہیں لیکن وہ غیر ضروری طور پر ان کے دماغ میں حصول اراضی قانون بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوں گے۔ اگر بنیادی باتوں پر غور نہ کیا جائے۔ چنانچہ انہوں نے اپنا خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی جیسے چالاک آدمی کو اپنے مشیروں سے خبردار رہنا چاہیئے۔ گوئند آچاریہ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ میک اِن انڈیا نظریہ کا تکمیلہ ’ میک فار انڈیا ‘ اور میڈ بائی انڈیا ‘ پالیسیوں کے ذریعہ کریں ورنہ یہ صرف ایک سائن بورڈ بن جائے گا جس پر تحریر ہوگا ’’ ہندوستان برائے فروخت ‘‘ اور وہ نہیں سمجھتے کہ اس سے بھارت کے عوام کو کوئی فائدہ پہنچے گا۔ گوئند آچاریہ کا تبصرہ سابق مرکزی وزیر ارون شوریٰ کے تبصرہ کے دو دن بعد منظر عام پر آیا ہے جنہوں نے کہا تھا کہ مودی حکومت کہہ رہی ہے کہ سابقہ حکومت کی معاشی پالیسیاں بے سمت تھیں جبکہ سماجی ماحول اس عظیم اُلجھن کی وجہ تھا۔ اقلیتوں میں بھی حکومت کے بارے میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ اور بے بس محسوس کررہی ہیں۔