حیدرآباد 20 مئی (پی ٹی آئی) تلگودیشم پارٹی نے وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی مسائل کی بنیاد پر تائید کرنے کی پیشکش کو صدی کا سب سے بڑا مذاق قرار دیا۔ بی جے پی کی اہم حلیف پارٹی تلگودیشم اور اِس کے کٹر حریف وائی ایس آر کانگریس کے درمیان اسمبلی انتخابات میں شدید مقابلہ تھا۔ تلگودیشم پولیٹ بیورو رکن رام کرشنوڈو نے کہاکہ جگن کے خلاف ضمانت کا مسئلہ زیرالتواء ہے اِس لئے وہ سیاسی تحفظ حاصل کرنے اور اپنی جائیدادوں کو بچانے کے لئے مرکز سے ہاتھ ملانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ مقدمات سے بچنے کے لئے بھی مودی کی سرپرستی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔