این ڈی اے امیدوار حیدرآباد کی مہمان نوازی سے بے حد متاثر

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر ، میرا یہ دورہ یادگار : کووند
حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند حیدرآبادی تہذیب اور مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ اگرچہ مختلف جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے وہ ابھی تک مختلف ریاستوں کا دورہ کرچکے ہیں۔ لیکن آج کا ان کا دورہ حیدرآباد یادگار ثابت ہوا اور وہ حیدرآبادی مہمان نوازی کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے ۔ رام ناتھ کووند نے ٹی آر ایس کی جانب سے ان کے اعزاز میں ترتیب دیئے گئے ظہرانے اور حیدرآباد میں جس طرح استقبال کیا گیا، اس کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔ رامناتھ کووند نے کہا کہ وہ دو وجوہات کے سبب کے سی آر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ ان کے استقبالیہ ہورڈنگس نصب کئے گئے ۔ دوسری وجہ یہ کہ کے سی آر نے ہندی میں بات کی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میرا تعلق اترپردیش سے ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے رامناتھ کووند سے تمامتر گفتگو ہندی زبان میں ہی کی۔ جل وہار میں تعارفی اجلاس کے بعد حیدرآبادی اور تلنگانہ کے مخصوص ڈشس کے ساتھ صدارتی امیدوار کی تواضع کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رامناتھ کووند کو حیدر آباد کے پکوان کافی پسند آئے اور کئی ڈشس کے بارے میں انہوں نے چیف منسٹر سے تفصیلات حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مخصوص حیدرآبادی ڈشیس کے انتظام کیلئے ایک نامور کیٹرر کی خدمات حاصل کی گئی تھی چونکہ رامناتھ کووند کا تعلق اترپردیش سے ہے اور وہ بہار میں گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، بتایا جاتا ہے کہ وہ لذیذ کھانوں کے شوقین ہیں۔