نئی دہلی ۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ میں دیہاتوں کی ترقی اور خوشحالی پر توجہ مرکوز کئے جانے کا ادعا کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج این ڈی اے ارکان پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو نئی فصل بیمہ پالیسی کے دائرہ کار میں شامل کریں۔ جبکہ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بھی کہا کہ نئے بجٹ میں زرعی شعبہ کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کی کی جائیگی۔بی جے پی اور حلیف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس جس میں شیوسینا شریک نہیں تھی کو مخاطب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے بجٹ کی تفصیلات پر روشنی ڈالی اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے اور بزنس اور سرمایہ کاری کے ماحول کو ساز گار بناتے ہوئے معاشی ترقی حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ وزیر فینانس نے ارکان پارلیمنٹ پر یہ واضح کیا کہ ہر ایک ضرورتمند کیلئے انشورنس اور وظیفہ کی فراہمی کیلئے اقدامات اور ہیلت انشورنس کو اولین ترجیح دی جائے گی۔تاہم بی جے پی اور حلیف جماعتوں کو امید ہے کہ یہ بجٹ اپوزیشن کے ان الزامات کا جواب دینے میں کارآمد ثابت ہوگا ۔