ممبئی ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ این ڈی اے اتحاد میں این سی پی سربراہ شرد پوار کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ الیکشن کے بعد بھی اتحاد کو شرد پوار کی تائید کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں اپنے انٹرویو کے دوسرے حصہ میں انہوں نے کہا کہ وہ خود ، گوپی ناتھ منڈے ، رام داس اتھاولے اور راجو شیٹی نے این ڈی اے اتحاد میں شرد پوار کے داخلہ کی مخالفت کی تھی اور اس طرح الیکشن سے قبل ہی این ڈی اے اتحاد میں شامل ہونے کا ان کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ انتخابات کے بعد ہمیں باہر کی تائید کی ضرورت پیش آئے گی اور شرد پوار کی این سی پی کی تائید تو بالکل نہیں! اگر تائید کی ضرورت پیش بھی آئی تو یہ ممکن نہیں ہے ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ این ڈی اے سے تعلق رکھنے والے وہ لوگ جو شرد پوار کی دن رات ستائش کر رہے ہیں، انہیں پہلے ان کسانوں کے خاندانوں کا دورہ کرنا چاہئے جنہوں نے خودکشی کرلی ہے اور کانگریس ۔ این سی پی حکومت کو خشک سالی اور غیر موسمی بارش و ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی کوئی مدد نہ کرنے پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ شیوسینا کا اتحاد بیحد مستحکم ہے اور زائد حلیف جماعتیں ریاست میں سماج کے مختلف طبقات کی نمائندگی کریں گی۔