این ٹی آر کے خلاف تلنگانہ اسمبلی کی قرار داد کی مذمت

سارے تلگو عوام کا وقار مجروح ، چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( این ایس ایس) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر نارا چندرا بابو نائیڈو نے آج الزام عائد کیا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمینل کو این ٹی آر سے موسوم کرنے کے خلاف قرار داد منظور کرتے ہوئے نہ صرف آنجہانی این ٹی راما راؤ بلکہ سارے تلگو عوام کی توہین کی ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے تلنگانہ اسمبلی کی اس قرار داد کے خلاف اپنی پارٹی کے ایک سینئیر لیڈر متکوپلی نرسمہلو کے این ٹی آر گھاٹ پر آج 11 بجے دن تا 5 بجے شام رکھے گئے ایک روزہ احتجاجی برت کی تائید کی ۔ نائیڈو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی آر محض ایک ہی ریاست یا علاقہ تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ سارے تلگو عوام کے ہیں ۔ لیکن تلنگانہ اسمبلی نے این ٹی آر کے خلاف قرار داد منظور کرتے ہوئے تلگو عوام کے وقار کو گھٹا دیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام پر تلنگانہ کے اہم قائدین آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ ، ڈوڈی کمریا ، کومارم بھیم وغیرہ کے مجسمے نصب کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں علاقہ تلنگانہ کے سپوت اور ملک کے پہلے تلگو وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو بعد از مرگ بھارت رتن ایوارڈ دینے کے لیے مرکز سے سفارش کی جائے گی ۔ تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے خلاف ’’آپریشن بلیو اسٹار ‘‘ کرنے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ریمارک کی مذمت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ ہم جانتے ہیں کہ ماضی میں بھی اس قسم کے تبصرے کرنے والے کہاں جاچکے ہیں ‘‘ ۔۔