حیدرآباد /2 جنوری ( این ایس ایس ) تلگودیشم لیڈر اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو فرزند نارا لوکیش نے آج این ٹی آر ٹرسٹ بھون پر پارٹی کارکنوں کی بہبوں کیلئے تلگودیشم کال سنٹر کا افتتاح کیا ۔ کال سنٹر شروع کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے لوکیش نے وضاحت کی کہ یہ کال سنٹر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کام کرے گا اور یہاں پر 22 افراد کال سنٹر پر وصول ہونے والے کالس کا جواب دیں گے ۔ کوئی بھی تلگودیشم کارکن کال سنٹر نمبر سے رابطہ قائم کرسکتا ہے یا فیکس نمبر پر پیام روانہ کرسکتا ہے ۔ یہ کال سنٹر یکم جنوری سے کام کر رہا ہے ۔ جس کے نمبر 73062999 اور فیکس نمبر 7306199999 ہیں ۔ نارا لوکیش نے کال سنٹر کے افتتاح کے موقع پر تلنگانہ میں تلگودیشم کو مضبوط بنانے کے اقدامات کا بھی اشارہ دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے تلنگانہ میں بہت جلد مہم چلانے کا بھی اعلان کیا تھا ۔ تلنگانہ کے عوام کو تلگودیشم سے قریب کرنے کیلئے لوکیش ریاست بھر میں دورہ کریں گے ۔