حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے نائب صدرنشین کی حیثیت سے سینئر قانون ساز مسٹر این ودیا ساگر کا آج بااتفاق آراء انتخاب عمل میں آیا اور انہوں نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ مسٹر این ودیا ساگر نے نائب صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ان کے خلاف کسی بھی رکن کا پرچہ موصول نہ ہونے کے بعد یہ بات طئے تھی کہ ان کا انتخاب یقینی ہے۔ آج چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹرس مسٹر کڈیم سری ہری، جناب محمد محمود علی کے علاوہ دیگر وزراء نے انہیں کونسل میں کرسی صدارت پر پہنچایا۔ سکریٹری لیجسلیچر مسٹر راجاسدا رام نے نائب صدرنشین کے انتخابات کیلئے پریسیائیڈنگ آفیسر کی خدمات انجام دی اور بلامقابلہ مسٹر این ودیا ساگر کے انتخاب کا اعلان کیا۔ بعدازاں چیف منسٹر نے مسٹر این ودیا ساگر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ودیا ساگر سینئر سیاستداں ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین دوراندیش قائد ہیں۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہیکہ مستقبل میں مسٹر ودیا ساگر اپنے عہدہ کی ضرورتوں کو بہتر انداز میں انجام دیں گے۔ بعدازاں ایوان میں موجود دیگر اراکین قانون ساز کونسل و وزراء نے بھی نومنتخبہ نائب صدرنشین قانون ساز کونسل مسٹر ایم ودیا ساگر کو مبارکباد پیش کی۔ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ بھی موجود تھے۔