این لوکیش نائیڈو کی اے پی کابینہ میں شمولیت متوقع

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) قومی تلگودیشم پارٹی نے این لوکیش نائیڈو جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے اور اس کوشش کے ایک حصہ کے طور پر ریاست آندھراپردیش میں منعقد ہونے والے آندھراپردیش قانون ساز کونسل کی چند نشستوں پر نامزدگی یا باقاعدہ انتخاب کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور اس عمل میں لوکیش نائیڈو کو کوئی ایک زمرہ کے تحت رکن قانون ساز کونسل منتخب کرکے فوری طور پر ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کے قوی امکانات ہیں۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ آج یہاں چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی قیامگاہ پر تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پولیٹ بیورو کی اکثریت نے پارٹی جنرل سکریٹری این لوکیش کو ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت منعقد ہونے والے کونسل انتخاب میں رکن کونسل کی حیثیت سے منتخب کرنے کا صدر پارٹی چندرابابو نائیڈو سے مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیٹ بیورو اجلاس میں متفقہ طور پر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ قانون ساز کونسل ارکان کے لئے امیدواروں کے انتخاب کی ذمہ داری مسٹر نائیڈو کو سونپتے ہوئے تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو نے فیصلہ کیا۔ اس طرح تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو نے قانون ساز کونسل ارکان، امیدواروں کے انتخاب کا فیصلہ کرنے کی مکمل ذمہ داری چندرابابو نائیڈو کو سونپ دی ہے۔ علاوہ ازیں پارٹی پولیٹ بیورو نے آندھراپردیش اسمبلی کی امراوتی میں نو تعمیر کردہ عمارت کا آغاز 2 مارچ کو کرنے کا اجلاس میں فیصلہ کیا۔ 2 مارچ کو 11 بجکر 25 منٹ پر چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نئی تعمیر شدہ اے پی اسمبلی عمارت کا افتتاح کریں گے۔