ممبئی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک 22 سالہ شخص کو ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا جس نے مبینہ طور پر قومی صیانتی گارڈ کنٹرول روم کو ٹیلیفون کرکے انتباہ دیا تھا کہ وزیراعظم پر ’’کمیکل حملہ‘‘ کیا جائے گا۔ پولیس کے بموجب کاشی ناتھ منڈل سکیورٹی گارڈ میں برسر خدمت ہے جسے ڈی ڈی مارگ پولیس نے 27 جولائی کو ممبئی کے وسطی علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ اُس نے این ایس جی کنٹرول روم نئی دہلی کا نمبر حاصل کرلیا تھا اور جمعہ کے دن فون کرکے وزیراعظم پر کیمیائی حملے کا انتباہ دیا۔ این ایس جی نے پتہ چلایا کہ یہ ٹیلیفون ممبئی سے کیا گیا تھا چنانچہ اُس نے مقامی پولیس کو ٹیلیفون کال کی اطلاع دی۔ پولیس نے کاشی ناتھ منڈل کا پتہ چلالیا جو جھارکھنڈ کا متوطن ہے اور والکیشور میں سکونت اختیار کئے ہوئے تھا۔ عہدیدار نے کہاکہ اُسے ممبئی کے وسطی ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا جبکہ وہ سورت جانے والی ٹرین میں سوار ہورہا تھا۔ عہدیدار نے کہاکہ تفتیش کے دوران منڈل نے پولیس پر انکشاف کیاکہ اُس نے حال ہی میں جھارکھنڈ میں نکسلائٹس کے ایک حملے کے دوران اپنے دوست کے ہلاک ہونے کا انکشاف کیا۔ اُسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کاشی ناتھ منڈل پر قانون تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمے درج کئے گئے ہیں۔