این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت پر غور جاری : گروپ

نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوکلئیر سپلائرس گروپ میں شمولیت کی ہندوستان کی کوششوں کے دوران 48 رکنی گروپ نے کہا ہے کہ اس نے ہندوستان کی درخواست کی فنی ‘ قانونی اور سیاسی پہلووں سے دوسرے ممالک کے ساتھ جانچ کی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کو ایک اور اجلاس تک کیلئے التوا میں رکھا جائے ۔ نیوکلئیر سپلائرس گروپ کے پلینری میں جو برن میں منعقد ہوا تھا ہندوستان کے ساتھ نیوکلئیر سپلائرس گروپ کی شراکت داری پر غور کیا گیا ہے اور رکن ممالک نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا ہے ۔ یہ پلینری کل ختم ہوا تھا ۔ آج جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی اور کہا گیا ہے کہ این ایس جی نے اس درخواست کے فنی ‘ قانونی اور سیاسی پہلووں پر غور کیا ہے ۔ گروپ نے اس پر آئندہ اجلاس میں بھی غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گروپ کے سربراہ نے آئندہ اجلاس ماہ نومبر میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب کہ چین نے این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت پر اعتراضات کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔