این آر سی رپورٹ کی اشاعت کے بعد کسی بھی شہری کو استحقاق و حقوق سے محروم نہیں کیا جائے گا

گوہاٹی۔29 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے سینئر مسٹر ایمنتا بسواس نے آج کہا کہ نیشنل رجسٹر آف سیٹیزنس (این آر سی ) کے آخری مسودہ کی اشاعت 30جولائی کے بعد کسی کو بھی حقوق اور استحقاق کو محروم نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آخری مسودہ کی اشاعت کے بعد ہر شخص کو کسی بھی قسم کی شکایت یا عذر داخل کرنے کی مکمل مہلت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ ‘ صرف ڈرافٹ ہی ہوتا ہے اور محض اس این آر سی ڈرافٹ کی بنیاد پر کسی کو بھی حراستی کیمپ میں بھیجنے کا سوال ہی نہیں ہوتا ۔ وزیر اعلیٰ آسام سربا نندا سونووال نے بیان دیا ہے کہ اگر کسی کا بھی نام اس ڈرافٹ میں شامل نہ ہو تو اس کو ہرگز غیر ملکی تصور نہیں کیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر گلادھر سائیکہ نے کہا کہ پولیس کمیونٹی رابطہ پروگرام پر کارفرما ہے تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے اور سوشل میڈیا پر سخت نظر رکھی گئی ہے تاکہ کوئی غلط نیوز کے ذریعہ سے افواہ نہ پھیلائے ۔