واشنگٹن ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چند قانون سازوں پر یہ الزام عائد کیا ہیکہ وہ گن قانون پر عمل آوری کرنے کے لئے نیشنل رائفل اسوسی ایشن سے بہت زیادہ خوفزدہ معلوم ہوتے ہیں۔ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنس کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے یہ الزام عائد کیا کیونکہ خود ٹرمپ بھی گن قوانین بھی زبردست ترمیمات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلوریڈا کی اسکول میں فائرنگ کے دلسوز واقعہ کے بعد وہ تشدد پر قابو پانے کے لئے اعتدال پسندی کا راستہ اختیار کرنے کی وکالت کرتے ہیں جس سے سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے گی مثلاً ہتھیاروں کی خریداری کرنے والوں کے پس منظر کی جانچ پڑتال کی جائے۔ اسکولس میں سیکوریٹی بڑھائی جائے اور ساتھ ہی ساتھ 21 سال سے کم عمر والوں کو ہتھیار فروخت نہ کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے ٹیچرس کو بھی مسلح کرنے کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ (کانگریس نہیں) ایسے ’’بمپ ڈیوائس‘‘ پر امتناع عائد کرنا چاہتا ہے جس کے ذریعہ عام بندوق سے بھی آٹومیٹک ہتھیاروں جیسی فائرنگ کی جاسکتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ نیشنل رائفل اسوسی ایشن (این آر اے) کو ہدایت کی گئی ہیکہ اب وقت آ گیا ہیکہ گن کلچر پر قابو پایا جائے جس کیلئے کارروائی کا آغاز ہوجانا چاہئے۔