مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی اپوزیشن بالخصوص کانگریس پر تنقید
نئی دہلی ۔ /27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج این آئی اے کی دولت اسلامیہ کے ایک شعبہ کا پتہ چلانے کیلئے تعریف کی اور حکومت کی جانب سے این آئی اے کو کسی بھی کمپیوٹر کی نگرانی کا اختیار دینے کے حکم نامے کا دفاع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے خطرناک دہشت گرد شعبہ کا پتہ چلاکر ایک شاندار کارنامہ انجام دیاہے ۔ ورنہ یہ شعبہ بین الاقوامی برقی مواصلات استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر حملے کی سازش کررہا تھا ۔ این آئی اے نے چہارشنبہ کے دن اپنے دھاوؤں کے دوران یو پی اور دہلی کے 17 مقامات سے 10 افراد کو گرفتار کیا تھا جو مبینہ طور پر دولت اسلامیہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ جیٹلی نے کانگریس پر تنقید کی جس نے دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ حکومت پر تنقید کی ہے اور شہریوں کی سراغ رسانی کی مذمت کی ہے ۔ حالانکہ این آئی اے کو اس کا اختیار دینا صرف کسی بھی کمپیوٹر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے متعلق تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے زیادہ تعداد میں دخل اندازی کی ہے ۔ وہ کانگریس قائد پی چدمبرم کی حکومت پر تنقید کا جواب دے رہے تھے ۔